لکھنؤ :
اترپردیش کے لکھنؤ میں یو پی اے ٹی ایس نے بڑے آپریشن کو انجام دیا ہے ۔ اس میں دو مشتبہ دہشت گردوں کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ان کا تعلق دہشت گرد تنظیم القاعدہ سے ہونے کا شک ہے ، دونوں لوگوں کو لکھنؤ کے کاکوری علاقے سے حراست میںلیا گیا ہے ۔ ان کے پاس سے پریشر کوکر بم اور دیگر اسلحے اور دستاویز ملنے کا بھی دعویٰ کیا جا رہاہے۔ شک ہے کہ یہ لوگ کسی بڑے حادثہ کو انجام دینے کی پلاننگ کررہے تھے ۔
ابھی گھر میں کچھ اور لوگوں کے چھپے ہونے کا شک ہے ، جس کے بعد سرچ آپریشن جاری ہے ۔ اطلاع ملی تھی کہ کاکوری علاقے کے ایک گھر میں القاعدہ کے دہشت گرد چھپے ہوئے ہیں اس کے بعد وہاں چھاپہ مار اگیا۔
آج تک کی رپورٹ کے مطابق موصولہ اطلاع کے بعد یو پی اے ٹی ایس کمانڈوز اور بھاری فورس کے ساتھ کاکوری علاقے میں چھاپہ مارکارروائی کی گئی تھی۔ فی الحال پکڑے گئے دونوں لوگوں سے تفتیش جاری ہے ، جس بلڈنگ میں چھاپہ مارا گیا تھا ،وہاں سے اے ٹی ایس کو کافی دستاویز بھی برآمد ہونے کا دعویٰ کیا جار ہاہے ۔
واضح رہے کہ گرفتار مبینہ ملزمان میں سے ایک کا نام شاہد بتایا جا رہاہے۔ وہ ملیح آباد کا رہنے والا ہے، جس مکان پر چھاپہ مارا گیا وہ شاہد کاہی ہے ، یہاں وہ پریوار کے ساتھ رہتا ہے اور موٹر گیرج کا کام کرتاہے ۔
مبینہ ملزم شاہد کے گھر سے دو پریشر کوکر بم، ایک نیم تیار ٹائم بم برآمد ہوا ہے ۔ ابھی اور دیگر لوگوں کے گھر کے اندر چھپے ہونے کی جانکاری پر اے ٹی ایس کا سرچ آپریشن جاری ہے ۔ بتایا جار ہاہے کہ یہ لوگ دو تین دن میں کسی بڑے حادثہ کو انجام دینے والے تھے ۔