احمد آباد:
احمد آباد پولیس نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے دورے سےقبل ویجل پور کی کچھ سوسائٹی کے لوگوں کو گھر کی کھڑی دروازے بند رکھنے کا حکم دیا ہے ۔ امت شاہ آج (11 جولائی) ویجل پور کے ان علاقوں میں حال ہی میں نئی تعمیر پارٹی پلاٹ اور کمیونٹی ہال کا افتتاح کرنے کے لیے پہنچے ہیں۔
دراصل اس قسم کا میسج سوشل میڈیا میں وائرل ہورہا ہے ، جس کی وجہ سے لوگوں میں سخت ناراضگی پائی جارہی ہے۔ اس کے مطابق پولیس نے سوسائٹی کے چیئرمین کو ایک خط لکھ کرکہاہے کہ جس کمیونٹی ہال میں وزیر داخلہ امت شاہ آرہے ہیں اس کے سائڈ آنے والی کھڑکی اور دورازے بند رکھے جائیں۔ اگر بند نہیں کئے گئے تو کارروائی کی جائے گی۔
آج تک کی تحقیقات میںیہ بات سامنے آئی کہ پولیس نے ویجل پور میں سوامی نارائن اور سواتی اپارٹمنٹس سمیت متعدد سوسائٹی کے چیئرمینوں کو خط لکھ کرکہاہے کہ امت شاہ زیڈ پلس سیکورٹی میں ہیں اور وی آئی پی گیسٹ کے یہاں پر آنے کی وجہ سے گھر کے دروازے اور کھڑکیاں بند رکھی جائیں۔
حالانکہ ایسا نہیں کرنے پر کارروائی ہو گی یا نہیں اس طرح کی کوئی بات لیٹر میں نہیں لکھی گئی ہے۔ اس لیٹر میں لکھا گیاہے کہ صبح 10:00بجے سے لے کر دوپہر 1:01بجے تک کھڑکی دروازے بند رکھے جائیں۔
دوسری طرف پولیس افسر ایل ٹی اوڈیدرا کے مطابق ہم نے سوسائٹی کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گھر کی کھڑکی دروازے بند رکھیں۔ جب بھی اس طریقے کی وی آئی پی موومنٹ ہوتی ہے تب ہم لوگوں سے اپیل کرتے ہیں اور ان سے تعاون کی توقع رکھتےہیں۔ اگر کھڑکی دروازے کھلے رہتے ہیں تو وی آئی پی موومنٹ میں سیکورٹی کو لے کر پریشانی ہو سکتی ہے ۔
اہم بات یہ ہے کہ آج امت شاہ اپنے لوک سبھا حلقہ کے متعدد علاقوں میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنے جارہے ہیں ، اسی طرح محکمہ کوآپریٹیو کا پہلا پروگرام بھی آج شام 4 بجکر30 منٹ پر منعقد ہونے جارہا ہے۔