نئی دہلی : دہلی میونسپل کارپوریشن کے میئر کا انتخاب اب 16 فروری کو نہیں ہوگا۔ عدالت عظمی اب اس معاملہ کی سماعت 17 فروری کو کرے گی۔ سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ آئینی دفعات سے یہ بات واضح ہے کہ نامزد کونسلروں کو میئر کے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا حق نہیں ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ نامزد کونسلر (ایلڈرمین) میئر کے انتخاب میں ووٹ نہیں دے سکتے ہیں۔ آئین میں اس بارے میں پوری وضاحت موجود ہے۔ وہیں اے ایس جی سنجے جین نے عدالت میں کہا کہ 16 فروری کو انتخابات ہو رہے ہیں، لیکن ہم ایلڈرمین کے ووٹ ڈالنے کے معاملہ پر بحث کرنا چاہتے ہیں ۔
عام آدمی پارٹی کی جانب سے منو سنگھوی نے کہا کہ انتخابات ہونے چاہئیں۔ وہیں چیف جسٹس نے اس بات کا اعادہ کیا کہ نامزد کونسلرز ووٹ نہیں دے سکتے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر کے وکیل نے مطالبہ کیا کہ اس معاملہ میں تفصیلی سماعت کی جانی چاہئے۔ سنگھوی نے عدالت کو بتایا کہ اتوار کی شام دہلی کے وزیر اعلیٰ کو معلوم ہوا کہ 16 فروری کو انتخابات ہیں۔ اب اس معاملہ کی سپریم کورٹ میں سماعت 17 فروری کو ہوگی