نئی دہلی:
ملک بھر میں کورونا کے بڑھتے انفیکشن کے درمیان سرکار کا کہنا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ گھر پر رہتے ہوئے بھی ماسک لگانے کی ضرورت ہے۔ نیتی آیوگ کے ممبرڈاکٹر وی کے پال کا کہنا ہے کہ یہ وقت کسی کو بھی گھر پر دعوت دینے کا بالکل نہیں ہے بلکہ گھر پر رہنے اور گھر پر ہی ماسک لگا کر رہنے کا ہے۔وہیں کورونا کی شروعاتی علامات پائے جانے پر لوگوں سے گھر پر ہی آئیسولیشن رہنے کے لئے کہا ہے۔
دوسری جانب ڈاکٹر رندیپ گلیریا نے کہا کہ ابتدائی علامات دیکھنے کے بعد خودکو آئیسولیٹ کریں۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹ آنا کا انتظار نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں آر ٹی- پی سی آر ٹیسٹ منفی ہونے کا امکان ہے ، لیکن پھر بھی علامات کو دیکھتے ہوئے خود کو متاثر سمجھئے اور تمام گائڈ لائنس پر عمل کریں۔
اس کے علاوہ جوائنٹ سکریٹری صحت لو اگروال نے ماسک نہیں لگانے پر بڑھنے والے خطرے کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر دو افراد ماسک نہیں پہنتے ہیںاور سماجی دوری پر عمل نہیں کرتے تو کورونا انفیکشن کا خطرہ 90 فیصد تک بڑھ سکتا ہے۔ وہیں اگر وہ شخص ماسک لگاتا ہے اور ہدایات پر عمل کرتا ہے تو پھر خطرہ 30 فیصد کم ہوسکتا ہے۔
متاثرہ افراد سے 406 افراد متاثر ہوسکتے ہیں
انہوں نے کہا کہ اگر گائڈ لائنس پر عمل نہیں کیا گیا تو ایک متاثرہ مریض 30 دن میں 406 افراد کو متاثر کرسکتا ہے۔ ایسی صورت میں اگر کورونا سے متعلقہ رہنما خطوط پر عمل کیا جاتا ہے تو یہ خطرہ 30 فیصد تک کم ہوسکتا ہے۔