ممبئی:کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے آج صبح جنوبی ممبئی میں مہاتما گاندھی کی رہائش گاہ منی بھون سے ’جن نیائے پد یاترا‘ نکالی۔ اس موقع پر راہل گاندھی کے ساتھ کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی، مہاتما گاندھی کے پرپوتے تشار گاندھی اور اداکارہ سوارا بھاسکر سمیت کئی بڑی شخصیات نے شرکت کی۔ یہ پدیاترا اگست کرانتی میدان تک نکالا گیا جہاں 1942 میں برطانوی حکومت سے ہندوستان کو آزاد کرانے کی جدوجہد کے دوران ’ہندوستان چھوڑو تحریک‘ شروع ہوئی تھی۔ اس پدیاترا میں اپوزیشن انڈیا الائنس کے کئی سرکردہ لیڈران بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر فلم اداکارہ سوارا بھاسکر نے کہا کہ ’’ہم جس ہندوستان میں پلے بڑھے ہیں اس میں کسی قسم کی کوئی تفریق نہیں ہے، ہمیں تقسیم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، آج اقتدار میں ایک خاص قسم کی سیاست چل رہی ہے جو نفرت کی سیاست ہے، مذہب کی بنیاد پر نفرت پھیلائی جا رہی ہے۔ میں ایک ہندو ہونے کی بنیاد پر یہ سمجھتی ہوں کہ اگر آپ بھگوان کا نام لے کر قتل کر رہے ہیں تو اس سے بڑا پاپ کوئی نہیں ہے۔
اس پد یاترا سے قبل اگست کرانتی میدان سے تھوڑی دوری پر واقع سیٹھ گوکل داس تیج پال آڈیٹوریم میں ’نیائے سنکلپ سبھا‘ کا بھی انعقاد ہوا جس میں راہل گاندھی، پرینکا گاندھی، یوگیندر یادو، تشار گاندھی، انڈیا الائنس اور کانگریس کے لیڈران شریک ہوئے۔ اس پروگرام میں سماج میں پھیلائی جا رہی نفرت کے خلاف متحد ہوکر لڑنے کا عہد لیا گیا