پٹنہ: پٹنہ کے ایس ایس پی منوجیت سنگھ ڈھلون کے آر ایس ایس کا پی ایف آئی سے موازنہ کرنے کے بیان پر تنازعہ کے تناظر میں آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے کہا کہ آر ایس ایس سماج اور ملک کے لئے خطرناک ہے، اور پولس افسر نے جو بھی کہا ہے وہ بالکل سچ ہے۔،دینک بھاسکر، کی رپورٹ کے مطابق بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے کہا، “آر جے ڈی شروع سے ہی کہہ رہی ہے کہ آر ایس ایس ملک کے لیے خطرہ ہے۔ اس وقت سماج میں جو بھی زہر اور نفرت پھیلی ہوئی ہے، وہ آر ایس ایس کی وجہ سے ہے۔ یہ آر ایس ایس کے ایجنڈے پر ہے۔”انہوں نے کہا، “پٹنہ کے ایس ایس پی منوجیت سنگھ ڈھلون نے آر ایس ایس کی صحیح وضاحت کی ہے۔ بی جے پی ان کی برطرفی کا مطالبہ کر رہی ہے، لیکن میں کہوں گا کہ کسی بڑے واقعے کو روکنے کی کوشش کے لیے انہیں مبارکباد دی جانی چاہیے۔ اس سے پہلے ان کی پارٹی کے قومی ترجمان مرتیونجے تیواری نے بھی کہا تھا کہ پٹنہ ایس ایس پی کا بیان آر ایس ایس کے بارے میں درست ہے، اور اس سے سماج میں نفرت پھیل رہی ہے۔ بی جے پی کے سخت ردعمل کے بعد پٹنہ کے ایس ایس پی نے بھی وضاحت کی کہ ان کے بیان کی غلط تشریح کی گئی ہے۔ تاہم اس سے بی جے پی مطمئن نہیں ہوئی۔