نی دہلی (ایجنسی )مرکزی حکومت ڈیجیٹل میڈیا کو کنٹرول کرنے اور اسے اخبار کے برابر کرنے کا بل لے کر آ رہی ہے۔ اس بل کو قانونی منظوری ملنے کے بعد اخبارات کی طرح نیوز پورٹل کو رجسٹر کرنا ضروری ہو جائے گا۔ اب تک یہ اصول صرف اخبارات پر لاگو ہے۔ دراصل مرکزی حکومت 155 سال پرانے پریس اینڈ رجسٹریشن آف بکس ایکٹ کو ختم کرنے جا رہی ہے۔ اسے ‘پریس اینڈ رجسٹریشن آف پیریڈیکل بل’ سے بدل دیا جائے گا۔ یہ بل اخبارات کے لیے ایک نیا اور آسان رجسٹریشن سسٹم ہوگا، اس کے تحت ڈیجیٹل میڈیا کو بھی لانے کی تیاری ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ مرکزی حکومت اس بل کو مانسون اجلاس کے دوران ہی پیش کر سکتی ہے۔ معلومات کے مطابق یہ بل پریس اینڈ رجسٹریشن آف بکس (PRB) ایکٹ 1867 کی جگہ لے گا۔ اس کے تحت درمیانے اور چھوٹے پبلشرز کے لیے طریقہ کار کو سادہ رکھا جائے گا اور آزادی صحافت کی اقدار کو برقرار رکھا جائے گا۔ مسودہ 2019 میں تیار کیا گیا تھا۔ حکومت نے 2019 میں ہی پریس اینڈ رجسٹریشن آف پیریڈیکل بل کا مسودہ جاری کیا تھا، جس میں اخبارات کی رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے کے علاوہ ڈیجیٹل میڈیا کو اپنے دائرہ کار میں لانے کا بھی انتظام ہے۔ 2019 کے مسودہ بل میں ‘ڈیجیٹل میڈیا پر خبروں’ کی تعریف ‘ڈیجیٹل فارمیٹ میں خبریں جو انٹرنیٹ، کمپیوٹر، موبائل نیٹ ورک پر نشر کی جا سکتی ہیں’ کے طور پر کی گئی تھی۔ اس میںمتن، آڈیو، ویڈیو اور گرافکس پر مشتمل ہے۔