نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے ترقی پذیر اور پسماندہ ممالک کے فورم وائس آف گلوبل ساؤتھ سمٹ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جمعرات کو کہا کہ بھارت جنوبی ممالک کی آواز عالمی پلیٹ فارمز پر اٹھا رہے گا۔ جی- 20 ممالک کے گروپ کے صدر کے طور پر بھارت کی جانب سے منعقد اس دو روزہ آن لائن کانفرنس میں 120 ممالک کو مدعو کیا گیا ہے۔ اس دوران نصف درجن سے زائد وزارتی سطح کے اجلاس ہوں گے جس میں تعلیم، صحت سے لے کر عالمی اداروں میں اصلاحات تک کے ایجنڈے پر بات کی جائے گی۔ اس کا مقصد ترقی پذیر ممالک کے تحفظات اور ترجیحات کو جی-20 کے ایجنڈے میں شامل کرنا ہے۔
وزیر اعظم مودی نے افتتاحی اجلاس میں کہا کہ بھارت کا مقصد جنوب کی آواز کو بلند کرنا ہے اور اس کی آواز بھارت کی آواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ ہی دنیا کے جنوب کے ممالک کے اپنے بھائیوں کے ساتھ اپنے ترقیاتی تجربات کو شیئر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ترقیاتی شراکت داریوں میں دنیا کے ہر خطے کے ممالک اور مختلف موضوعات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے اس سال جی۔20 گروپ کی صدارت سنبھالی ہے اور بھارت کا مقصد جنوب کی آواز کو بلند کرنا ہے۔
جنوب کے ممالک کو بھارت کی حمایت کا یقین دلاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ کی ترجیحات بھارت کی ترجیحات ہیں۔ اپنے مختصر خطاب میں مودی نے نئے نظام کے تحت ترقی پذیر ممالک کے مسائل کے آسان حل تلاش کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ حل ایسا ہونا چاہیے کہ جس میں ضرورت کے حساب سے توسیع کی جاسکے۔ انہوں نے دنیا کے مسائل کے حل کے لیے ممالک کی صلاحیت کے مطابق مشترکہ ذمہ داری کے تعین کے اصول کو اپنانے پر زور دیا۔ وزیراعظم نے عالمی اداروں میں اصلاحات کی ضرورت پر بھی زور دیا