(دیوبندسے خاص رپورٹ )
جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے واضح الفاظ میں اشارہ کیا کہ مستقبل میں جمعیۃ ایک ہوسکتی ہیں۔ جمعیۃ کے دوروزہ دیوبند اجلاس کے دوسرے سیشن میں خصوصی خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ عجیب و غریب بات ہے کہ ہم دونوں (مولانا محمود مدنی ) ایک دوسرے کو صدر کہہ رہے ہیں ۔مولانا نے کہا کہ ممکن ہے یہ صورت حال تبدیل ہوجائے۔
ملک کے حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے مولانا نے کہا کہ آگ لگانے والے خود فنا ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طبقہ چاہتا ہے کہ مسلمان مشتعل ہوکر سڑکوں پر اتریں اور تصادم ہو ہمیں اس سازش سے خبردار رہنا ہے ۔میں زور دے کر کہتاہوں کہ سڑکوں پر نہ اتریں ہمارا مقابلہ عوام سے نہیں سرکار سے ہے،سرکار کو چاہیے کہ وہ سری لنکا کے حالات سے سبق لے اور کشیدگی کی فضا پیدا نہ کرے ہم اس صورتحال کا مقابلہ عدالتوں میں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں معزرت کے ساتھ کہتا ہوں کہ اقلیت کبھی اکثریت سے لڑکر کامیاب نہیں ہوسکتی۔ بھائی چارہ اور محبت سے نفرت کی سیاست کا مقابلہ کیا جاسکتاہے۔ انہوں نے آخر میں پھر کہا کہ جلد ہی آپ کو خوشخبری ملے گی۔