لکھنؤ: سماج وادی پارٹی کے لیڈر اعظم خان اور ان کے قریبی رشتہ داروں پر آج محکمہ انکم ٹیکس کی جانب سے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جس پر پارتی صدر اکھلیش یادو نے رد عمل ظاہر کیا ہے۔ یوپی میں محکمہ انکم ٹیکس کی کارروائی کے حوالہ سے بی جے پی اور مرکزی حکومت پر حملہ بولتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ حکومت جتنی کمزور ہوتی جا رہی ہے اپوزیشن جماعتوں پر چھاپے اتنے ہی بڑھیں گے۔ وہیں، سماجوادی پارٹی کے لیڈر رام گوپال یادو نے بھی اعظم خان کے خلاف چھاپہ ماری کو افسوسناک قرار دیا .
خیال رہے کہ ایس پی لیڈر اعظم خان کے کئی ,ٹھکانوں, پر صبح سے ہی آئی ٹی کے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ انکم ٹیکس کی ٹیم آج صبح تقریباً 7.30 بجے رام پور میں اعظم خان کے گھر پہنچی اور تلاشی لی۔ اعظم کے علاوہ ان کے قریبی ساتھیوں نصیر خان اور وکیل کے ٹھکانوں پر بھی چھاپے مارے گئے۔ اس پر سماجوادی پارٹی صدر اکھلیش یادو نے سخت ردعمل دیا ہے۔ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر پوسٹ میں اکھلیش نے کہا ’’حکومت جتنی کمزور ہوگی، اپوزیشن پر اتنے ہی چھاپے بڑھتے جائیں گے۔‘‘