لکھنؤ : (ایجنسی)
اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ہفتہ کو کہا کہ ان کی حکومت نومبر کے آخر تک نوجوانوں کو مفت ٹیبلیٹ اور اسمارٹ فون دینے کی اسکیم شروع کرے گی ۔ انہوں نے سلطان پور میںایک سرکاری میڈیکل کالج کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے یہ اعلان کیا۔
یوگی نے کہا کہ ان کی حکومت ہر نوجوانوں کو بغیر کسی امتیازی سلوک کے روز گار دینے کےلیے کام کررہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اترپردیش کے نوجوانوں کوجدید ٹیکنا لوجی سے آراستہ کرنے کے لیے ریاستی حکومت نومبر کے آخری ہفتہ سے ٹیبلیٹ اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنا شروع کرے گی ۔
یوپی کے حکومت نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے سلطان پور میں 46.33 کروڑ روپے کے 126 ترقیاتی پروجیکٹوں اور امبیڈکر نگر میں 334.24 کروڑ روپے کے 99 پروجیکٹوں کا بھی آغاز کیا ہے۔ کانگریس اور سماج وادی پارٹی پر حملہ کرتے ہوئے سلطان پور میں سی ایم یوگی نے کہا کہ پہلے کی حکومتوں کا ایک ہی مقصد تھا کہ وہ عوام کے اعتماد کے ساتھ کھلواڑ کریں اور ملک کی ترقی میں رکاوٹ ڈالیں۔
سی ایم نے کہا کہ ایک وقت تھا جب مرکز میں کانگریس کی قیادت والی حکومت کے دوران گھوٹالے ہوتے تھے۔ سابقہ حکومتوں کے رویے سے اہل وطن حیران اور پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی اسکیموں کے فوائد صرف ایک پریوار تک ہی محدود تھے۔ ایک پریوار دہلی میں اور ایک پریوار لکھنؤ میں غریبوں سے پیسے ہتھیا لیا کرتا تھا۔ لوگ بھوک اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے سبب مرجاتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ جب پی ایم نریندر مودی اقتدار میں آئے تو انہوں نے سب کا ساتھ، سب کا وکاس کا نعرہ دیا۔ انہوں نے اس بات کو یقینی بنایا کہ اسکیموں کے فائدے بغیر کسی امتیاز کے سب تک پہنچیں۔ سابقہ حکومت پر انتشار پھیلانے کا الزام لگاتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ تہواروں کے دوران اکثر ہنگامے ہوتے تھے، کرفیو لگایا جاتا تھا اور لوگ جشن نہیں منا سکتے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ ساڑھے چار سال میں یوپی میں فساد نہیں ہوا کیونکہ فسادیوں کو نتائج کا پتہ تھا ۔
انہوں نے کہا کہ پوروانچل ایکسپریس وے کا سب سے زیادہ فائدہ سلطان پور کو مل رہا ہے کیونکہ کسانوں کو ان کی زمین کا چار گنا معاوضہ ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں انڈسٹری گروپس آنے سے نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔