لکھنؤ : (ایجنسی)
اپنے متنازع بیانات کے لیے مشہور سادھوی پراچی نے کہا کہ دیوالی پر سڑکوں پر پٹاخے پھوڑنا غلط ہے تو پھر سڑکوں پر نماز پڑھنے پر بھی روک لگنی چاہیے۔ انہوں نے کروا چوتھ کے برت کو ڈھکوسلا کہنے والوں کو بھی اسٹیج سے جم کر للکارا۔ وہ پیر کو گاؤں شیرا ول میں منعقد ایک پروگرام میں حصہ لینے آئی تھیں ۔
انہوں نے ٹپل کے مشہور گاؤں نورپور پہنچ کر وہاں ہنومان مندر کی تعمیر کا کام دیکھا اور جے شری رام کا نعرہ لگایا ۔ گاؤں شیر اول میں پیرکو وشو ہندو مہا سنگھ کے راشٹریہ نائب صدر سوامی ستیہ نندگری کی حلف برداری کی تقریب میں سوامی بالکا نند گری، سریندر ناتھ اودھوت ، سادھوی پراچی اوردیگر سنتوں نے شمع روشن کرکے پروگرام کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر سوامی پرکاش نند گری نے بھارت کو ہندو راشٹر کرنے کی مانگ کی۔ پروگرام میں چو دھری گنگا رام سنگھ، سابق چیئرمین چودھری منویر سنگھ، مولی پردھان، رویندر پردھان ، رام ویر پردھان، بی کے یو لیڈر سندر سنگھ بالیان، دیوش گوسوامی، روہت کمار جوگی، چودھری مہندر سنگھ، کسان لیڈر، سلطان صدیقی وغیرہ موجود تھے۔
حلف برداری کی تقریب کے بعد واپس لوٹ رہی سادھوی پراچی سے ایک مقام پر ملنے پہنچے سماج وادی پارٹی کے بلاک صدر پنکج پنڈت نے سادھی پراچی کے پیر چھو کر آشیرواد لیا۔ پنکج پنڈت اس پہلے کافی عرصہ تک راشٹریہ بجرنگ دل کے ضلع صدر رہ چکے ہیں۔ وہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے تربیت یافتہ رضاکار بھی تھے ۔