نئی دہلی:(ایجنسی)
ہندوستان میں یوکرین کے سفیر آئیگور پولیکھا نے وزیر اعظم نریندر مودی سے روس کے صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ بات چیت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے جمعرات کو کہا کہ روس کے ساتھ اچھے تعلقات کے پیش نظر ہندوستان، روس۔ یوکرین کے درمیان کشیدگی کی صورتحال کو کنٹرول کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے یوکرین پر روسی فوجی کارروائی کی خبروں کے درمیان مسٹر پولیکھا نے نئی دہلی میں میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ روسی فوج نے دارالحکومت کیف کے آس پاس کے علاقوں پر حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین کی فوج اس کا جواب دے رہی ہے۔
مسٹر پولیکھا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو مسٹر پوتن (روسی صدر) سے بات کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا “روس کے ساتھ ہندوستان کے اچھے تعلقات ہیں، وہاں کے حالات کو کنٹرول کرنے میں ہندوستان اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔یوکرین کے سفیر نے کہا کہ ہماری فوج مضبوط ہے، ہمیں کئی ممالک کی حمایت مل رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یوکرین نے پانچ روسی لڑاکا طیارے اور دو ہیلی کاپٹر مار گرائے۔