لکھنؤ :(ایجنسی)
بھارتیہ جنتا پارٹی مسلسل دوسری بار اتر پردیش میں زبردست جیت کے ساتھ اقتدار میں واپسی کی ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ 25 مارچ کو لکھنؤ کے ایکانہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں دوسری بار وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے۔ تقریب حلف برداری کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ معلومات کے مطابق اس پروگرام میں 12 ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور پانچ نائب وزرائے اعلیٰ شرکت کریں گے۔
یوگی آدتیہ ناتھ کی حلف برداری کی تقریب میں یوگا گرو بابا رام دیو کے علاوہ مختلف مٹھوں اور مندروں کے مہنت بھی موجود رہیں گے۔ اس کے علاوہ معروف صنعتکاروں اور 49 کمپنیوں کو بھی دعوت نامے بھیجے گئے ہیں۔ ان میں ٹاٹا گروپ سے این شیکھرن، امبانی گروپ سے نیرج امبانی، مہندرا گروپ سے آنند مہندرا، برلا گروپ سے کمار منگلم برلا اور گوتم امبانی بھی شامل ہوں گے ۔
معلومات کے مطابق حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے تمام ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کو دعوت نامے بھیجے گئے ہیں۔ آسام، اروناچل پردیش، تریپورہ، اتراکھنڈ، کرناٹک، گجرات، ہریانہ، مدھیہ پردیش، ہماچل پردیش، منی پور اور گوا کے وزرائے اعلیٰ شرکت کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس تقریب کے لیے 200 وی وی آئی پی مہمانوں کی فہرست تیار کی گئی ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو، ملائم سنگھ یادو، بی ایس پی سپریمو مایاوتی سمیت تمام اپوزیشن لیڈروں کو مدعو کیا جائے گا۔
بی جے پی حلف برداری کی تقریب کو تاریخی بنانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے جانے والوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں پر پارٹی پرچم لے کر جائیں۔ آنے والے لوگوں کے لیے دعوتی کارڈ کا نظام ہوگا جو کہ ضلع سطح پر ہی دستیاب ہوگا۔
تقریب حلف برداری کے لیے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ تقریب کے مقام کے قریب ڈرون سے نگرانی کی جائے گی۔ اے ٹی ایس کمانڈوز اسٹیڈیم کے ارد گرد تعینات ہوں گے اور مسلح پولیس اہلکار بلند و بالا عمارتوں پر تعینات ہوں گے۔ 60 ہزار سے زائد کے ہجوم کو سنبھالنے کے لیے مقامی انتظامیہ کی جانب سے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ تاہم بی جے پی کارکنوں کے جوش کو دیکھتے ہوئے یہ تعداد اندازے سے زیادہ ہوسکتی ہے۔
تقریب حلف برداری میں سماجی کارکنوں، ادیبوں، پیشہ ور افراد، ڈاکٹروں اور انجینئروں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ اضلاع سے ایسے لوگوں کی فہرست مانگی گئی ہے۔ اسمبلی انتخابات میں کام کرنے والے بی جے پی وستارک اور دیگر ریاستوں کے کارکنوں کو بھی اس تقریب میں مدعو کیا جا رہا ہے۔ ہر علاقے سے دو دو کارکنوں کو لکھنؤ بلایا گیا ہے اور پارٹی نے رہائش اور آمدورفت کا انتظام کیا ہے۔