رامپور (آر کےبیورو)
سیتا پور جیل میں بند سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر محمد اعظم خاں سے متعلق بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ دراصل اعظم خاں نے عبوری ضمانت کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ ساتھ ہی اعظم خاں کی عبوری ضمانت کی درخواست کی سماعت اگلے ہفتے ہوگی۔
اعظم خاں کی جانب سے عدالت میں پیش کی گئی دلیل میں کہا گیا ہے کہ الٰہ آباد ہائی کورٹ میں صرف ایک کیس میں ان کی ضمانت زیر التوا ہے۔ فیصلہ محفوظ کیے ہوئے ساڑھے چار ماہ سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود عدالت نے ابھی تک اپنا فیصلہ نہیں سنایا ہے۔ بتا دیں کہ 4 دسمبر کو ضمانت کی درخواست پر سماعت مکمل ہونے کے بعد الہ آباد ہائی کورٹ نے اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔ ہائی کورٹ کا فیصلہ نہ آنے کی وجہ سے اعظم خاں کو جیل میں رہنا پڑا۔
اعظم خاں نے سپریم کورٹ سے استدعا کی ہے کہ ہائی کورٹ کے فیصلے تک عبوری ضمانت دی جائے۔ اگر سپریم کورٹ اس معاملے میں براہ راست مداخلت نہیں کرتی ہے تو ہائی کورٹ کو فیصلہ سنانے کی ہدایت کی جائے۔ کہا جا رہا ہے کہ ہائی کورٹ کا فیصلہ جلد آنے کے لیے اعظم نے قانونی شرط لگا رکھی ہے۔ اگلی سماعت میں سپریم کورٹ اعظم خاں کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سنانے کے لیے الہ آباد ہائی کورٹ کو کوئی بھی ہدایت جاری کر سکتی ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ اعظم خاں کے خلاف کل 87 مقدمات درج ہیں۔ ایک کے علاوہ باقی تمام کیسوں میں انہیں ضمانت مل چکی ہے۔ اعظم خاں باقی ایک کیس میں ضمانت ملنے پر جیل سے رہا ہو جائیں گے۔ اس آخری معاملے میں اعظم خاں سیتا پور جیل میں بند ہیں۔یہ معاملہ وقف بورڈ کی زمین پر قبضے کے تنازع سے جڑا ہے۔