پٹنہ:بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ پردیپ کمار سنگھ نے بہار مہاگٹھ بندھن کو لے کر بڑا دعویٰ کیا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ بہار میں بھی مہاراشٹر کی طرح کھیل ہوگا اور حکومت بدل سکتی ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ ریاست کے ایم ایل اے اور ایم پیز کا نتیش کمار سے اعتماد اٹھ چکا ہے اور وہ آنے والے وقت میں بی جے پی میں شامل ہو جائیں گے۔
جن ستہ کی رپورٹ کے مطابق بی جے پی رکن پارلیمنٹ کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب آر جے ڈی کے ایم ایل اے سدھاکر سنگھ کے نتیش کمار کے خلاف بیان اور بہار کے وزیر چندر شیکھر یادو کے رام چرت مانس پر بیان پر ہنگامہ ہوا ہے۔ پردیپ کمار نے کہا کہ مہاراشٹر میں ایم ایل ایز اور ایم پیز کا حکومت سے اعتماد کھونے کے بعد جو کچھ ہوا وہ سب کے سامنے ہے۔ اسی طرح بہار میں ایم ایل ایز اور ایم پیز کا نتیش کمار سے اعتماد اٹھ گیا ہے۔ آنے والے وقت میں جے ڈی یو کے سبھی ایم پی اور ایم ایل اے بی جے پی میں شامل ہوں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ نتیش کمار نے اعلان کیا کہ تیجسوی بہار کے اگلے وزیر اعلیٰ ہوں گے، لیکن ان کے کہنے پر کوئی بھی ایم پی اور ایم ایل اے تیجسوی کو وزیر اعلی نہیں مانے گا۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ یہ ایم ایل اے اور ایم پی غلط پارٹی میں ہیں۔