نئی دہلی:(ایجنسی)
ملک کی کئی ریاستوں میں اومیکرون کے کیسوں میں اضافہ کے رجحان کے بعد ایسا محسوس ہوتا ہے کہ مرکزی حکومت اس معاملے میں سنجیدہ ہوگئی ہے اور ریاستوں کو مشورہ دیا کہ وہ ضرورت پڑنے پر رات کا کرفیو نافذ کرنے سے بھی گریز نہ کریں۔ بعض ریاستوں میں اومیکرون کے کیسس میں اضافہ کے پیش نظرمرکزی حکومت نے ریاستوں کو چوکس رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ جن مقامات پر کیسس سامنے آرہے ہیں وہاں خصوصی حکمت عملی اختیار کرنے اور احتیاطی تدابیر پر عمل آوری کی ہدایت دی گئی ۔
اس سلسلہ میں مرکزی وزارت صحت کے سکریٹری راجیش بھوشن نے مرکزی زیر انتظام علاقوں اور ریاستوں کے چیف سکریریٹز کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ ملک کی 10 ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کے 27 اضلاع میں گذشتہ 2 ہفتوں کے دوران مثبت کیسس کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ اس پر توجہ مرکوز کرنےکی ہدات دی گئی ہے۔
کیرالا، میزوروم، سکھم، ریاستوں کے 8 اضلاع میں کیسز کی مثبت شرح 10 فیصد سے زائد ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مرکز نے ٹیسٹنگ اور ویکسینیشن کے ساتھ ساتھ کنٹینمٹ زون پرغورکرنے، عوام کو ہجوم کی شکل میں جمع ہونے سے روکنے، شادی بیاہ اورآخری رسومات میں شرکت کرنے والوں کی تعداد کو محدود کرنے کے علاوہ ضرورت پڑنے پر رات کا کرفیو نافذ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔