نئی دہلی(پریس ریلیز)
سینٹرل کونسل فار ریسرچ اِن یونانی میڈیسن (سی سی آر یو ایم)، وزارت آیوش، حکومت ہند کے زیر اہتمام کووڈ-19وبا:تجربات اور اسباق کے موضوع پر 15تا 21 دسمبر ویبینار سیریز کاا نعقاد کیاجارہاہے۔پانچ دن کے ویبینار میں آیوش اور مارڈرن میڈیسن کے نامورماہرین ذیلی عناوین ”کووڈ۔19وباکے دوران کی سیکھ“، ”صحت کو برقرار رکھنے میں غذا کا کردار“، ”کووڈ۔19مریضوں کاعلاج: تجربہ کا اشتراک‘‘، ”کووڈ-19 کے دوران اور اس کے بعد دماغی صحت کی دیکھ بھال“ اور ”کووڈ کے بعد کی پیچیدگیاں اور دیکھ بھال“ پر اظہارخیال کریں گے۔
پروفیسر عاصم علی خان، ڈائریکٹر جنرل، سی سی آریو ایم اور ایڈوائزر (یونانی)، وزارت آیوش، حکومت ہند نے کہا کہ سی سی آریو ایم نے کووڈ۔19وبا کے دوران وبا کو پھیلنے سے روکنے کیلئے مختلف سرگرمیوں اور اقدامات کے ذریعہ فعال کردار ادا کیا اور قوت مدافعت میں اضافے سے متعلق تدابیرپرمبنی ایڈوائزری جاری کی۔انہوں مزید کہا کہ کووڈ۔19سے متعلق کئی طبی تحقیق بھی کئے گئے اور سارس۔کوو۔19 وائرس کے خلاف انسلوکو تحقیقات کے ذریعہ چار یونانی دواؤں کی افادیت کا جائزہ لیاگیا۔
سیمینار میں تعلیمی و تحقیقی اداروں کے تقریباً ایک ہزار محققین، طلبا ء و ماہرین تعلیم ودیگر مندوبین کی شرکت متوقع ہے۔دہلی، اترپردیش، کیرلہ، اتراکھنڈ، چنئی وغیرہ کے معروف اداروں کے ممتاز ماہرین کووڈ-19وباء کے دوران درپیش صحت کے چیلنجز پر اپنے تجربات کے حوالے سے گفتگوکریں گے۔ویبینار سیریز کووڈ-19وبا سے متعلق احتیاطی وتحفظی تدابیرپر گفتگوکرنے کیلئے ایک پلیٹ فارم ہو گاجس سے کووڈ-19کی روک تھام اور علاج سے متعلق معلومات میں اضافہ ہوگا۔