اورنگ آباد: مہاراشٹر کے اونگ آباد (چھترپتی سمبھا جی نگر) کے کیراڈپورہ علاوہ سے فرقہ وارانہ تشدد کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق شرپسندوں نے کچھ نجی اور پولیس کی گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا۔ پولیس نے لوگوں کو منتشر کرنے کے لئے طاقت کا استعمال کیا اور اس کے بعد امن قائم ہو گیا۔ اورنگ آباد کے پولیس کمشنر نکھل گپتا نے کہا کہ شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اس معاملے پر رکن اسمبلی امتیاز جلیل کا ردعمل بھی سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا ’’منشیات کے عادی افراد نے دہشت پیدا کی ہے، جبکہ پولیس جائے وقوعہ پر تاخیر سے پہنچی۔ کوئی اعلیٰ افسر نہیں تھا۔ اس کی تفصیل سے تحقیق ہونی چاہیے۔ یہ واقعہ قابل مذمت ہے۔ میں لوگوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کرتا ہوں۔‘‘
وہیں، پولیس کمشنر نکھل گپتا نے کہا ’’یہ واقعہ رات 12.30 بجے پیش آیا۔ کچھ لڑکوں نے اس واقعہ کو انجام دیا ہے۔ میں پرسکون رہنے کی اپیل کرتا ہوں۔ ہنگامہ آرائی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ پولیس اپنا کام کر رہی ہے۔‘‘