‘انڈیا ‘ اتحاد میں جاری سیٹوں کی تقسیم کے درمیان، ٹی ایم سی کی سربراہ ممتا بنرجی نے پیر کو کہا کہ کچھ علاقوں کو علاقائی جماعتوں کے لیے چھوڑ دیا جانا چاہیے، چاہے کانگریس 300 سیٹوں پر مقابلہ کرے۔
پیر کو کولکتہ میں ‘سروا دھرم سدبھاؤ ریلی’ میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے، انہوں نے کہا، ”میں اس بات پر زور دیتی ہوں کہ علاقائی پارٹیوں کے لیے خصوصی علاقے چھوڑے جائیں۔ وہ (کانگریس) اکیلے 300 (لوک سبھا) سیٹوں پر مقابلہ کر سکتے ہیں اور میں ان کی مدد کروں گی۔ ہم ان سیٹوں پر الیکشن نہیں لڑیں گے۔ لیکن، وہ اپنی ضدپر قائم ہے۔”
بتایا جاتا ہے کہ حال ہی میں ممتا بنرجی کی پارٹی ٹی ایم سی کی میٹنگ میں اس بات پر بات ہوئی کہ اگر اسے اپنی پسند کے مطابق سیٹ نہیں ملتی ہے تو ٹی ایم سی تمام 42 لوک سبھا سیٹوں پر اکیلے الیکشن لڑے گی۔ممتا بنرجی کا یہ بیان اس ملاقات کے بعد آیا ہے۔
انہوں نے ریلی میں کہا ’’میرے پاس بی جے پی سے مقابلہ کرنے اور اس کے خلاف لڑنے کی طاقت ہے۔ لیکن، کچھ لوگ سیٹوں کی تقسیم کے حوالے سے ہماری بات نہیں سننا چاہتے۔ اگر آپ بی جے پی سے نہیں لڑنا چاہتے تو کم از کم اسے سیٹیں نہ دیں۔کانگریس کا نام لیے بغیر ممتا بنرجی نے سیٹوں کی تقسیم نہ کرنے پر اس پر تنقید کی۔