نئی دہلی: (ایجنسی)
دہلی کے گوکلپوری علاقہ میں دیر رات گئے آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا، جس میں 7 افراد کی جان چلی گئی۔ آگ لگنے کا سبب کیا تھا یہ ابھی معلوم نہیں ہو سکا ہے۔ اس حادثہ میں متعدد افراد آگ میں جھلس گئے ہیں، جنہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے گوکلپوری میں آگ لگنے کے سبب جھگی بستی کے 7 افراد کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ کیجریوال کچھ ہی دیر میں جائے وقوعہ پر پہنچنے والے ہیں، جہاں وہ راحت اور بچاؤ کے کام کا جائزہ لیں گے۔ کیجریوال ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کریں گے۔ انہوں نے ٹوئٹ کر کے خود یہ اطلاع دی۔
شمال مشرقی دہلی کے اے ڈی سی پی دیواش کمار پانڈے نے کہا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ فائر بریگیڈ نے 7 لاشوں کو برآمد کر لیا ہے۔ اس حادثہ میں 30 جھگیاں جل کر خاک ہو گئیں اور 7 افراد ہلاک ہو گئے۔
شمال مشرقی دہلی کے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) رکن پارلیمنٹ منوج تواری نے گوکل پوری کے جھگیوں میں ہونے والی اموات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ تواری نے ہفتہ کو کہا کہ یہ واقعہ دردناک اور دل دہلا دینے والا ہے اور ایک رکن پارلیمنٹ کے طور پر میں ہر متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا ہر کارکن دکھ کی اس گھڑی میں متاثرین کے دکھ میں برابر کا شریک ہے۔
انہوں نے دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے پورے معاملے کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے اور 50 لاکھ روپے کی امداد دی جائے۔ ساتھ ہی زخمیوں کے مناسب علاج کے انتظامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام متاثرین کو مناسب معاوضہ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا ہے اور راحت اور بچاؤ کاموں کے مناسب انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔