دیوبند:(سمیر چودھری)
یوپی اے ٹی ایس نے دیوبند کے ایک پرائیویٹ ہاسٹل میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے تین مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے۔ ملزمان کو حراست میں لیے جانے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا اور بحث و مباحثے کا بازار گرم ہوگیا۔ اے ٹی ایس تینوں مشتبہ افراد کو اپنے ساتھ لے گئی۔
دارالعلوم چوک پر واقع ایک پرائیویٹ ہاسٹل میں ہفتہ کی دوپہر تقریباً ایک بجے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے یوپی اے ٹی ایس نے تین مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے اور انہیں اپنے ساتھ لے گئی ہے۔ اے ٹی ایس کی اس کارروائی سے پورے علاقے میں کہرام مچ گیا اور علاقے میں بحثوں کا بازار گرم ہو گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ تینوں مشتبہ افراد برما اور بنگلہ دیش کے شہری ہیں جو یہاں دارالعلوم چوک میں ایک عمارت میں کرائے کے کمرے میں غیر قانونی طور پر رہ رہے تھے۔
حالانکہ اے ٹی ایس کی کارروائی سے مقامی پولیس واقف ہے، لیکن حراست میں لیے گئے تین مشتبہ افراد کون ہیں اور انہیں کیوں اٹھایا گیا، پولیس افسر اس بارے میں جانکاری ہونے سے انکار کر رہے ہیں۔
اے ٹی ایس کی چھاپہ مار کارروائی سے لوگوں میں ہلچل مچ گئی۔ ہر کوئی اپنی اپنی سطح سے معاملے کی معلومات لینے میں مصروف ہے۔ ہاسٹل مالک بھی اس حوالے سے کچھ کہنے کو تیار نہیں۔ محکمہ انٹیلی جنس کے اہلکار بھی اے ٹی ایس کی کارروائی کے بارے میں معلومات اکٹھا کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔