گورکھپور :(ایجنسی)
گورکھپور کے بی آر ڈی میڈیکل کالج میں مبینہ طور پر آکسیجن کی کمی کی وجہ سے کئی بچوں کی موت کے بعد سرخیوں میں آنے والے ڈاکٹر کفیل خان ، وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف گورکھپور صدر سیٹ سے الیکشن لڑنا چاہتے ہیں۔ ڈاکٹر کفیل خان نے کہا کہ ان کی کئی پارٹیوں سے بات چیت چل رہی ہے ۔ اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو وہ صدر سیٹ سے یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف الیکشن لڑیں گے۔ تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ انہیں کس پارٹی سے ٹکٹ مل سکتا ہے ۔ غور طلب ہے کہ سی اے اے کے خلاف احتجاج کے دوران یوگی حکومت نے کفیل خان کے خلاف راسوکا کی کارروائی کی تھی ۔ بعد میں ہائی کورٹ سے راحت ملنے کے بعد کفیل جیل سے باہر آئے تھے ۔
منگل کو نیوز ایجنسی پی ٹی آئی بھاشا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر کفیل خان نے کہا کہ میں گورکھپور سے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف الیکشن لڑ سکتا ہوں ۔ کئی پارٹیوں سے میری بات چیت چل رہی ہے ۔ اگر سب کچھ ٹھیک رہا اور کوئی پارٹی مجھے ٹکٹ دیتی ہے تو میں تیار ہوں۔ اس سوال پر کہ کون سی پارٹی ان سے رابطے میں ہے، خان نے کہا کہ وہ ابھی پارٹی کا نام ظاہر نہیں کریں گے ۔ گورکھپور میں اسمبلی انتخابات کے چھٹے مرحلے میں 3 مارچ کو ووٹنگ ہوگی ۔
ڈاکٹر کفیل خان نے دعویٰ کیا کہ مجھے ہراساں کرنے کا سلسلہ ابھی تک رکا نہیں ہے۔ گزشتہ 17 دسمبر کو میری کتاب کی ریلیز کے بعد پولیس 20 دسمبر اور پھر 28 دسمبر اور اس مہینے بھی میرے گھر پہنچی اور دعویٰ کیا کہ میں گورکھپور ضلع کے راج گھاٹ تھانے کا ہسٹری شیٹر ہوں اور اسمبلی انتخابات کی وجہ سے ایسے لوگوں کی تصدیق کی جارہی ہے ۔