تہران (ایجنسی )ایران میں سپریم لیڈرآیت اللہ علی خامنہ ای کی نواسی فرید مرادخانی کو حکومت مخالف مظاہروں کی حمایت کرنے پر گرفتار کر لیا گیا ۔ دوسری جانب ایرانی حکومت نے فلمساز رضا دورمیشیان کو ایک پروگرام میں شرکت کے لیے بھارت آنے سے روک دیا ہے۔ مغربی خبر رساں اداروں نے اپنی رپورٹوں میں بتایا ہے کہ خامنہ ای کی نواسی فرید مرادخانی نے تمام ممالک سے تہران کے ساتھ تعلقات منقطع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ کیونکہ ایران کی حکومت پولیس حراست میں جاں بحق ہونے والی ماہی امینی کے حوالے سے وہاں ہونے والے مظاہروں کو دبا رہی ہے۔
فرید مرادخانی کے والد علی مرادخانی آرینگے ایک شیعہ عالم تھے۔ ان کی شادی آیت اللہ خامنہ ای کی بہن سے ہوئی تھی۔ علی مرادخانی اپوزیشن رہنماؤں میں شامل تھے۔ فرید کا بیان یوٹیوب پر ان کے فرانس میں مقیم بھائی محمود مرادخانی نے شیئر کیا۔ محمود نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر خود کو "اسلامی جمہوریہ کا مخالف” قرار دیا ہے۔ ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد فرید مرادخانی کو 23 نومبر کو ایران میں گرفتار کیا گیا تھا۔ فرید کو بھی اس سال کے شروع میں ایران کی انٹیلی جنس وزارت نے گرفتار کیا تھا اور بعد میں اسے ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے فرید مرادخانی کے ویڈیو پیغام پر خامنہ ای کے دفتر سے جواب طلب کیا لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔