نئی دہلی: (پریس ریلیز)
حج 2022کے لیے درخواست فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ حج کمیٹی آف انڈیا نے 31؍جنوری2022بروزپیرمقرر کی ہے۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین مختار احمد نے اس سلسلے میںاپنے پریس بیانیہ میں بتایا کہ درخواست گذارعازمین کے پاس 31 جنوری 2022 تک کی تاریخ کا جاری کیا ہوا مشین ریڈیبل پاسپورٹ ہونا لازمی ہے۔
یاد رہے کہ فارم بھرنے کے لیے پاسپورٹ، دو تازہ کلر فوٹو گراف جن کا سائز3.5×3.5سینٹی میٹر سفید پس منظر میں ہوں ،چہرے کا تناسب70 فیصد اورکان کھلے ہوں،اگر پتہ پاسپورٹ سے الگ ہو تو موجودہ رہائشی پتے کا ثبوت جیسے آدھار کارڈ وغیرہ، بلڈ گروپ، کور سربراہ کے چیک کی کاپی کا بینک پاس بک کی کاپی، پین کارڈ،وارث کا نام اورکورونا ویکسین کے سرٹیفکیٹ کی کاپی لازمی دستاویز میں سے ہیں۔ اس کے علاوہ 300/-روپے فی کس رجسٹریشن فیس حج کمیٹی آف انڈیا کے اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا کے دیئے گئے اکاؤنٹ میں جمع کراکر رسید بھی آن لائن اپلوڈ کرنی ہوگی۔
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین مختار احمد کے مطابق حج کمیٹی کی جانب سے حج منزل ،ترکمان گیٹ آصف علی روڈ،نئی دہلی پر درخواست گذار عازمین کے لیے آن لائن فارم بھرنے اور جمع کرنے اور اس سلسلے میں مہیا سہولیات بدستور جاری رہیں گی۔کسی بھی پریشانی کی صورت میں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے فون نمبر011-23230507پر بھی دفتری اوقات میں رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔اس کے علاوہ اپنے گھر سے حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ: www.hajcommittee.gov.inاورگوگل پلے اسٹور کے تحت موبائل ایپــ ـ "Haj Committee of India”پر بھی حج فارم آن لائن بھر ا جاسکتا ہے۔
چیئرمین مختار احمد نے بتایا کہ حج2022کے لیے ہندوستان سے عازمین کی روانگی کے قومی امکانات ہیں اور اسی کو دھیان میں رکھتے ہوئے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی نے اپنی تیاریاںشروع کر دی ہیں۔ابھی ہند اور سعودی عرب کے مابین کوٹے کے تعلق سے معاہدہ ہونے کا انتظار ہے۔ ہندوستان کا حج کوٹہ مقرر ہونے کے بعد قرعہ اندازی انجام پذیر ہوگی۔