پونے:(ایجنسی)
وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) کی رہنما سادھوی سرسوتی نے فلم ’دی کشمیر فائلز‘کا حوالہ دیتے ہوئے ہندو نوجوانوں سے کہا کہ وہ پاکستان کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کے مظالم کی وجہ سے وادی سے کشمیری پنڈتوں کے اخراج جیسی صورتحال سے بچنے کے لئے تلوار لے کر چلیں۔ وہ رام نومی کے موقع پر پونے سے تقریباً 340 کلومیٹر دور شمالی مہاراشٹر کے دھولے قصبے میں ایک ریلی سے خطاب کر رہی تھیں۔ سرسوتی نے کہا کہ ہتھیار رکھنا ہندوؤں کی ’آن، بان اورشان ‘ ہے۔
این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق کشمیری پنڈتوں کے بے گھر ہونے پر سادھوی سرسوتی نے کہا کہ کیا ہم اس دن کا انتظار کر رہے ہیں جب ہمیں بھی ہمارے گھروں سے بے دخل کر دیا جائے گا پھر آپ سے پوچھا جائے گا کہ ہندو، برہمن، تم نے تلوار کیوں نہیں اٹھائی، کیوں؟ تم نے جنگ کیوں نہیں لڑی، تم نےاپنے حقوق کے لیے لڑائی کیوں نہیں لڑی۔‘
سرسوتی نے کہا، ’’میں آپ سے تلواریں اٹھانے کی اپیل کرتی ہوں۔ اگر آپ ایک لاکھ روپے کا موبائل فون اور لیپ ٹاپ خرید سکتے ہیں تو آپ 1000 روپے کی تلوار بھی خرید سکتے ہیں۔ ہتھیار رکھنا ہندوؤں کی آن بان اور شان ہے۔‘‘