سان فرانسسکو:
سماجی رابطے کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک نے غیر تصدیق شدہ مواد شیئر کرنے والے صارفین کو آخری وارننگ دے دی ہے جبکہ ٹائم لائن پر جعلی خبریں شیئر کریں گے تو اُن کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق فیس بک کی جانب سے صارفین کے لیے ایک تنبیہ پیغام جاری کیا گیا ہے، جس میں انہیں خبردار کیا گیا ہے کہ وہ غیر تصدیق شدہ مواد شیئر کرنے سے گریز کریں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے تمام صارفین کو مطلع کیا کہ اگر وہ اپنی ٹائم لائن پر جعلی خبریں شیئر کریں گے تو پھر کچھ بھی شیئر نہیں کرسکیں گے کیونکہ اُن کے اکاؤنٹ کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔
کمپنی ترجمان نے بتایا ہے کہ اب تسلسل کے ساتھ جعلی خبریں یا غیر مصدقہ مواد شیئر کرنے والے صارفین کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
فیس بک نے جعلی خبر یا غیر مصدقہ مواد کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا ہےکہ کورونا ویکسین، کوویڈ 19 یا دیگر کسی بھی موضوع سے متعلق خبر کو شیئر کرنے والوں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔
کمپنی ترجمان کا کہنا ہے کہ جدید سسٹم کی مدد سے تمام اکاؤنٹس پر نظر رکھی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والے کی شیئرنگ بند یا اکاؤنٹ بلاکر کردیا جائے گا، غیر تصدیق شدہ خبریں شیئر کرنے والے صارف کی پوسٹ کو نیوز فیڈ پر سب سے آخر میں کردیا جائے گا تاکہ دیگر صارفین کی تک رسائی نہ ہوسکے۔
فیس بک نے یہ بھی بتایا ہے کہ ایک ایسے سسٹم پر کام جاری ہے جس کی مدد سے صارف کو نوٹی فکیشن کے ذریعے خبر کے درست یا غلط سے متعلق آگاہ کردیا جائے گا۔