گوالیار :(ایجنسی)
ہندو مہاسبھا نے ایک بار پھر مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھورام گوڈسے کی پوجا کی ہے۔ مدھیہ پردیش کے گوالیار سے ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں مہاتما گاندھی کے قاتلوں ناتھورام گوڈسے، نارائن آپٹے اور انہیں پناہ دینے والے دتاتریہ سداشیو پرچورے کی آرتی کی جارہی ہے ۔
ہندو مہاسبھا کے کارکنوں نے ’دھنیےہیں گوڈسے، دھنیے ہیں آپٹے ‘گاتےہوئے ان کی آرتی اتاری اورہندو سبھا پرچنڈ ہو بھارت دیش اکھنڈ ہو کے نعرے لگائے۔
ہندو مہاسبھا کے عہدیداروں نے بتایا کہ جب مہاتما گاندھی کے قتل میںجب ناتھورام گوڈسے اور نارائن آپٹے کو پھانسی دی گئی تھی، اس سے پہلے دتاتریہ سداشیو پرچورے نے ان دونوں کو گوالیار میں پناہ دی تھی۔ اس کے لیے پرچور کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
بتادیں کہ مہاتما گاندھی کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے والے مبینہ سنت کالی چرن کو لے کر پہلے ہی ماحول گرم ہے۔ کالی چرن نے مہاتما گاندھی کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ ناتھورام گوڈسے کی تعریف کی تھی۔ کالی چرن کو چھتیس گڑھ پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
ہندو مہاسبھا نے اس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے چھتیس گڑھ حکومت کا پتلا نذر آتش کیا۔ کالی چرن کی گرفتاری کے بعد مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا سامنے آئے تھے اور گرفتاری کے طریقہ کار پر سوال اٹھائے تھے۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر دن بھر ماحول گرم رہا۔
مہاتما گاندھی کے بارے میں کالی چرن کی متنازع تقریر کے بعد بی جے پی لیڈروں کی خاموشی پر طرح طرح کے سوالات اٹھ رہے ہیں۔