نئی دہلی:(ایجنسی)
پانچ ریاستوں کے انتخابی ماحول کے درمیان آسام کے وزیر اعلیٰ اور بی جے پی لیڈر ہیمنت بسوا سرماآج تلنگانہ پہنچے۔ تلنگانہ پہنچنے سے پہلے وہ حیدرآباد پہنچے تھے، جہاں تلنگانہ بی جے پی کے صدر باندی سنجے کمار نے ان کا استقبال کیا۔ اس بات کی جانکاری خود وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے ٹوئٹ کرکے دی۔
وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے تلنگانہ کے ورنگل ضلع پہنچ کر ایک بی جے پی کارکنان کی ایک ریلی کو خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) سربراہ اسدالدین اویسی اور تلنگانہ حکومت پر جم کر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سے جموں وکشمیر میں آرٹیکل 370 کو ختم کر دیا گیا اور جس طرح سے ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر شروع ہوئی ہے، ٹھیک اسی طرح یہاں بھی نظام کا نام اور اویسی کا نام مٹ جائے گا… وہ دن زیادہ دور نہیں۔
بی جے پی لیڈر ہیمنت بسوا سرما نے کہا کہ جب بھی کوئی تانا شاہ وزیر اعلیٰ یا پھر وزیر اعظم بن جاتا ہے تو ملک کے سامنے ایک ایمرجنسی کی صورتحال پیدا ہوجاتی ہے اور اس سے بچنے کے لئے ہمیں لڑتے رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایک دن ہماری لڑائی کا پھل ملے گا اور اس کے نتیجے میں ایک نئے تلنگانہ کی تعمیر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کسی بھی طرح سے تاناشاہی نہیں چلے گی۔
وزیرا علیٰ ہیمنت بسوا سرما نے کہا کہ ہندوستان اب جاگ اٹھا اور اس کے کوئی روکنے والا نہیں ہے۔ ہیمنت بسوا سرما نے تلخ انداز میں کہا کہ ہندوستان کی تاریخ ہی دیکھ لو بابر، اورنگ زیب اور نظام کبھی بھی زیادہ دن تک راج نہیں کر پائے اور مجھے یقین ہے کہ بہت جلد ہی نظام کی وراثت پوری طرح سے ختم ہوجائے گی اور حیدرآباد میں ایک نئی طرح کی تہذیب کی ترقی ہوگی۔