لکھنؤ: معروف شاعر منور رانا کو گال بلیڈر کے آپریشن کے بعد سے ہوش نہیں آیا ہے۔ انہیں اپولو اسپتال کے آئی سی یو میں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق ان کے جسم میں انفیکشن پھیل گیا ہے جس پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کے کئی ٹیسٹ بھی ہوچکے ہیں جن کی رپورٹ کے بعد اپولو اسپتال کی جانب سے ہیلتھ بلیٹن جاری کیا جائے گا۔ فی الحال اسپتال میں صرف منور رانا کے اہل خانہ موجود ہیں۔
بتادیں کہ منور رانا کا ڈائیلاسز پہلے سے جاری تھا۔ انہیں پچھلے تین چار دنوں سے پیٹ میں درد کی شکایت تھی جس کے بعد انہیں اپولو اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں پتہ چلا کہ مثانے میں کچھ مسئلہ ہے، جس کا آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے بعد سے منور رانا کو ہوش نہیں آیا ہے جس کے بعد جمعرات کو انہیں آئی سی یو میں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔ ڈاکٹرز کے مطابق ان کی حالت بدستور تشویشناک ہے اور اگلے چند گھنٹے انتہائی اہم ہیں۔