نئی دہلی: عدالت نے جنید ناصر قتل کے ملزم مونو مانیسر کو 14 دن کی عدالتی تحویل میں راجستھان پولیس کے حوالے کر دیا۔ آج (منگل) ہریانہ پولیس نے مونو مانیسر کو حراست میں لیا تھا۔ جس کے بعد اسے عدالت میں پیش کیا گیا۔ مونو مانیسر فروری میں جنید ناصر قتل کیس میں مطلوب تھا۔ راجستھان پولیس کی جانب سے عدالت میں مونو مانیسر کی تحویل کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ جسے عدالت نے قبول کرلیا۔قابل ذکر ہے کہ مونو مانیسر عرف موہت یادو نوح میں گائے کے محافظ گروپ کی قیادت کرتا ہے اور گئؤ رکھشکوں کے حملوں کی ویڈیو پوسٹ کرنے کے لیے بدنام ہے۔ وہ ‘لو جہاد’ کے خلاف مہم میں بھی سرگرم ہے۔ ‘لو جہاد’ کی اصطلاح عام طور پر دائیں بازو کی طرف سے استعمال کی جاتی ہے، جس میں مسلمان مردوں پر ہندو خواتین کو ورغلانے اور زبردستی مذہب تبدیل کرنے کا الزام لگایا جاتا ہے۔