نئی دہلی: بی ایس پی کو حزب اختلاف پر مشتمل اتحاد ’انڈیا‘ میں لانے کی اندرونی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اگر سب کچھ اسی طرح چلتا رہا تو پانچ ریاستوں کے انتخابات کے بعد اس کا باضابطہ اعلان کیا جا سکتا ہے۔ اس میں کانگریس سہولت کار کا کردار ادا کر رہی ہے۔ دونوں اطراف کے درمیان بات چیت کے کئی دور بھی ہوئے ہیں۔
انڈیا الائنس لوک سبھا الیکشن جیتنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑنا چاہتا ہے۔ پرینکا مایاوتی ملاقات سے فوری طور پر کچھ نکلنے کی امید نہیں ہے لیکن معاملات ٹھیک سمت میں جاتے نظر آرہے ہیں ۔بی ایس پی کو ساتھ لانے کی کوششیں اس کی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔ یوپی اسمبلی انتخابات سے پہلے کانگریس اور بی ایس پی کی اعلیٰ قیادت کے درمیان بات چیت کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔ اس وقت یہ بات چیت اپنے آخری مرحلے تک نہیں پہنچ سکی تھی لیکن اس کے بعد سے دونوں کے درمیان بات چیت جاری ہے۔ سیاسی ذرائع کے مطابق کانگریس رہنما پرینکا گاندھی اور بی ایس پی سپریمو مایاوتی کے درمیان گزشتہ ماہ ملاقات ہوئی تھی۔ اب ایک سابق ایم پی جو بی ایس پی کی قیادت کے قریب ہوچکے ہیں اس میں اہم کردار ادا کررہے ہیں ۔ کیا یہ بیل منڈھے چڑھے گی دیکھنا دلچسپ ہو گا۔