جدہ:
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ’’سعودی پاکستان سپریم کوآرڈنیشن کونسل‘‘ کے قیام سے متعلق معاہدے پر دستخط کردیے۔ پاکستان اور سعودی عرب میں متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔
عمران خان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ہونے والی ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق عمران خان نے جدہ میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بات چیت ہوئی۔
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان اورسعودی ولی عہد کا تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ عمران خان نے رمضان کے خصوصی ایام میں مقامات مقدسہ میں جانے کا موقع فراہم کرنے پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں دو طرفہ تاریخی تعلقات، مشترکہ اقدار، باہمی اعتماد کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ عمران خان نے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے مستقل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ عمران خان نے پاکستانی عوام کی طرف سے مقدس سرزمین سے خصوصی عقیدت کا اظہارکیا۔
ملاقات میں پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری بڑھانے اور توانائی کے شعبے میں تعاون پر بات چیت ہوئی۔ سعودی عرب میں پاکستانیوں کے لیے ملازمت کے مواقع بڑھانے پر خصوصی زور دیا گیا۔
عمران خان نے گرین سعودی عرب اور گرین مشرق وسطی کے اقدامات کی تعریف کی۔ عمران خان نے کورونا میں پاکستانیوں کی فلاح کے لیے اقدامات پر سعودی قیادت سے اظہار تشکر کیا۔ عمران خاں نے افغانستان میں امن اور مفاہمت کے لیے پاکستان کی مستقل کوششوں پر روشنی ڈالی۔
عمران خان اور سعودی ولی عہد نے ’سعودی پاکستان سپریم کوآرڈنیشن کونسل‘ کے قیام سے متعلق معاہدے پر دستخط کیے۔ کونسل پاک سعودی تعلقات کی ترقی کو اسٹریٹجک سمت فراہم کرے گی۔
اعلامیہ کے مطابق پاکستان اورسعودی عرب میں متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سزا یافتہ مجرموں کے تبادلے سے متعلق معاہدہ، جرائم کے خلاف دونوں ممالک میں تعاون کا معاہدہ، ماحولیات کے شعبےمیں تعاون کے حوالے سے معاہدہ، توانائی منصوبوں کے حوالے سے فریم ورک کا معاہدہ ہوا۔ دونوں ممالک میں انسداد منشیات سےمتعلق مفاہمتی یادداشت، ورکرز ریکروٹمنٹ کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت، میڈیا کے شعبے میں تعاون کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔