لکھنؤ:(ایجنسی)
اتر پردیش میں کورونا انفیکشن کے بڑھتے ہوئے معاملات کے درمیان تمام تعلیمی اداروں کی چھٹیاں بڑھا دی گئی ہیں۔ یوپی میں اب تمام اسکول اور کالج 30 جنوری تک بند رکھنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ ریاست میں جنوری کے پہلے ہفتے میں کورونا انفیکشن کی بڑھتی ہوئی رفتار کے پیش نظر اسکولوں کالجوں کو 16 جنوری تک بند کردیا گیا تھاجس کے بعد صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور تعلیمی اداروں کی بندش کی مدت میں 23 جنوری تک توسیع کردی گئی۔
اب ایک بار پھر کورونا انفیکشن کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد 30 جنوری 2022 تک اسکول اور کالج بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تاہم تعلیمی اداروں کو آن لائن کلاسز جاری رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کی ہدایات ریاست کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں اور کالجوں پر لاگو ہوں گی۔
بتادیں کہ اتر پردیش میں کورونا وائرس کی وبا کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کے درمیان لکھنؤ یونیورسٹی نے پہلے ہی 15 سے 31 جنوری تک ہونے والے تمام سمسٹر امتحانات ملتوی کر دیے ہیں۔ طلباء فی الحال اپنے امتحانات کی نئی تاریخوں کا انتظار کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی یوپی بورڈ کے دسویں اور بارہویں کے امتحانات بھی ریاستی اسمبلی انتخابات کے بعد شروع ہونے والے ہیں۔