گروگرام :(ایجنسی)
دہلی سے ملحقہ گروگرام میں منگل کی شام سیلفی لینے کی کوشش کے دوران ٹرین کی زد میں آکر چار نوجوانوں کی موت ہوگئی۔ موقع پر پہنچی جی آر پی پولیس مرنے والوں کی شناخت کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ یہ حادثہ بسائی دھن کوٹ ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔
معلومات کے مطابق سرائے روہیلا سے اجمیر جانے والی جن شتابدی ایکسپریس شام 4 بج کر48 منٹ پر گروگرام ریلوے اسٹیشن سے روانہ ہوئی تھی۔ جب ٹرین بسائی دھن کوٹ ریلوے اسٹیشن کے قریب پہنچی، تبھی ریلوے ٹریک پر سیلفی لے رہے 4 نوجوان اس کی لپیٹ میں آگئے۔ ایکٹیوا پر سوارہوکر پہنچے تمام دوست موبائل کیمرے فوٹو گرافی کرنے میں اتنے مشغول ہو گئے کہ ٹرین آنے کا پتہ ہی نہیں چلا۔
حادثے میں چار نوجوانوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ نوجوانوں کے جسم کے اعضاء 500 میٹر تک بکھرے ہوئے نظر آئے۔ اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچے جی آر پی افسر رام فل کے مطابق پولیس ایکٹیوا اسکوٹر کے نمبر اور موبائل فون کی بنیاد پر چار نوجوانوں کی شناخت کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
حال ہی میں مدھیہ پردیش کے بیتول میں ریلوے پل پر فوٹو لینے اور سیلفی لینے کی قیمت دو لوگوں کو جان دےکر ادا کرنی پڑی تھی۔ ایک نوجوان فوٹو گرافر تھا جبکہ دوسرا کسان تھا۔ دونوں کی لاشیں شاہ پور میں ریلوے پل کے قریب سے مسخ شدہ حالت میں ملی تھی۔