نئی دہلی:(ایجنسی)
غازی آباد کے لونی سے بی جے پی ایم ایل اے نند کشور گوجر ایک بار پھر تنازع میں ہیں۔ اس بار ان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے، جس میں وہ لونی کے میٹ کی دکانیں بند کراتے اور دکانداروں کو بھگاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ وہ چکن کے دکانداروں کو دھمکی دے رہے ہیں کہ وہ دہلی میں بیچیں ورنہ یہاں ضمانت نہیں ہوگی۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر لونی میونسپلٹی نے انہیں لائسنس دیا ہے تو ایم ایل اے انہیں کیوں ہٹا رہے ہیں اور اگر ان کے پاس لائسنس نہیں ہے تو میونسپلٹی انہیں ہٹا دے گی۔ اس سے پہلے بھی وہ غازی آباد پولیس پر پیسے وصولی کا الزام لگا چکے ہیں۔
بی جے پی ایم ایل اے کی جو ویڈیوز سامنے آئی ہے ان میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ ایم ایل اے اپنے سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ مارکیٹ میں پہنچتے ہیں۔ اس کے بعد وہ ایک ایک کرکے تمام دکانداروں کو دھمکیاں دے کر ان کی دکانوں کو بند کروادیتے ہیں۔ دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ دکاندار اپنی دکان بند کر کے وہاں سے چلے جاتے ہیں۔
ایک ویڈیو میں ایم ایل اے کہہ رہے ہیں، ‘یہ آخری وارننگ ہے۔ پھر اطلاع ملی تو گرفتار کروا دوں گا۔ ضمانت نہیں ہوگی۔ ایسے نہیںچلے گا۔ بند کرو اوربھاگ جاؤ ، جیل چلے جاؤگے۔ ضمانت نہیںہوگی۔ ایک بھی دکان نہیں کھلنی چاہئے کل سے، یہ سب غیر قانونی ہے۔ ابھی اٹھاؤ سب اور دہلی میں بیچو۔ لونی میں کوئی مرغانہیں بکے گا۔