نئی دہلی :
بھارت میں کورونا کی بے قابو صورتحال کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔ اسمبلی انتخابات کے نتائج آنے پر الیکشن کمیشن نے جشن منانے پر پابندی عائد کردی۔ الیکشن کمیشن نے 2 مئی کو گنتی کے دن یا اس کے بعد فتح جلوس پر پابندی عائد کردی ہے۔ الیکشن کمیشن نے جیتنے والے امیدوار کو دو افراد کے ساتھ سرٹیفکیٹ لینے کی اجازت دی ہے۔ واضح رہے کہ پانچ ریاستوں (مغربی بنگال ، تمل ناڈو ، آسام ، کیرالہ اور پڈوچیری) میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان 2 مئی کو کئے جائیں گے۔ چار ریاستوں میں انتخابات ختم ہوگئے ہیں ، جبکہ بنگال میں پولنگ کا ایک مرحلہ باقی ہے۔ آٹھویں اور آخری مرحلے کے لئے انتخابات 29 اپریل کو ہونے ہیں۔ اس سے قبل الیکشن کمیشن نے یہ اہم فیصلہ لیا ہے۔
در اصل انتخابی نتائج سامنے آنے کے بعد سیاسی جماعتوں کے کارکن اور لیڈر پارٹی دفاتر میں جلوس نکالتے ہیں اورجشن مناتے ہیں، لیکن ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسوں کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے ہدایت جاری کی ہے کہ کوئی جلوس کا پروگرام نہ کیا جائے۔