ممبئی:(ایجنسی)
سروں کی ملکہ لتامنگیشکر کی رحلت کے بعد ہندوستانی فلم انڈسٹری ابھی اس صدمے سے سنبھلی بھی نہیں تھی کہ آج مشہور موسیقار و گلوکار بپی لہری کے انتقال کی خبر سے وہ اور غم میں مبتلا ہوگئی۔
موصلہ اطلاعات کے مطابق منگل کی رات دیر گئے بپی لہری کا مضافات کے ایک نجی اسپتال میں انتقال ہوگیا جہاں ان کا کورونا کے بعد ہونے والی پیچیدگیوں کا علاج چل رہا تھا۔
69 سالہ بپی لہری کو فلمی صنعت میں بپی دا کے نام سے مقبولیت حاصل تھی ۔ مغربی بنگال میں پیدا ہوئے، لہری نے سب سے پہلے بنگالی فلم ’دادو‘ کے لیے موسیقی ترتیب دی تھی اور اپنے بالی ووڈ کیرئیر کا آغاز فلم ’ننھے شکاری‘ سے کیا تھا ۔
بپی لہری نے کئی سالوں تک میوزک انڈسٹری پر راج کیا۔ آئی ایم اے ڈسکو ڈانسر ، رات باقی، پگ گھنگرو باندھ، بمبئی سے آیا میرا دوست، نینو میں سپنا، تاکی تاکی، ہم کو آج کل ہیں انتظار، تما تما، یاد آ رہا جیسی معروف نغمے ان ہی کی دین ہیں ۔
وزیراعظم کا اظہار تعزیت
دریں اثناء وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو معروف موسیقار اور گلوکار بپی لہری کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی زندہ دل طبیعت سب کو یاد رہے گی۔ مسٹر مودی نے ٹویٹ کیا ’’ بپی لہری جی کی موسیقی سب کچھ سمیٹے ہوئے ہے اور مختلف جذبات کا خوبصورتی سے اظہار کرتی ہے۔ کئی پیڑھیوں کے لوگ ان کی موسیقی سے وابستگی محسوس کرسکتے ہیں۔ ہر کوئی ان کی زندہ دلی کو یاد کرے گا۔ میں ان کے انتقال سے دکھی ہوں۔ ان کے خاندان اور مداحوں سے تعزیت۔ اوم شانتی۔