نئی دہلی :(ایجنسی)
سی بی آئی نے دہلی کی ایک عدالت کو بتایا ہے کہ حکومت نے ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا کے سابق سربراہ آکار پٹیل کے خلاف مقدمہ چلانے کی منظوری دے دی ہے۔ مقدمہ فارن کنٹری بیوشن ریگولیشن ایکٹ 2010 (FCRA) کی خلاف ورزی پر چلایا جائے گا۔ اس معاملے میں ضروری خط بھی عدالت میں جمع کرایا گیا ہے۔
گزشتہ سال دسمبر میں سی بی آئی نے آکار پٹیل کے خلاف ایف سی آر اے کے اصولوں کی خلاف ورزی کے الزام میں چارج شیٹ داخل کی تھی۔ لیکن اس معاملے میں تحقیقات شروع نہیں ہوسکی کیونکہ اسے حکومت کی طرف سے منظوری نہیں ملی تھی۔
لیکن اب جب کہ حکومت نے اس معاملے میں منظوری دے دی ہے، سی بی آئی آکار پٹیل کے خلاف مقدمے کی کارروائی شروع کرے گی۔
پٹیل کو کچھ دن پہلے امریکہ جاتے ہوئے بنگلورو ہوائی اڈے پر روکا گیا تھا اور اس کے بعد انہوں نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ پٹیل نے عدالت کو بتایا تھا کہ چونکہ ایمنسٹی انٹرنیشنل فارن کنٹری بیوشن ریگولیشن ایکٹ کے تحت ایک کیس کا سامنا کر رہی ہے، اس لیے ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دیا گیا ہے۔
سی بی آئی نے نومبر 2019 میں ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا اور اس سے وابستہ تین اداروں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔