ریاض:
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور عراقی وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی کی موجودگی میں سعودی عرب اور عراق نے 5 معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔
العربیہ کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ریاض پہنچنے پر عراق کے وزیر اعظم کا شاندار استقبال کیا جہاں انہوں نے دونوں ممالک کے مابین حالیہ پیش رفتوں کے علاوہ تعاون بڑھانے اور خطے کے مسائل پر بات چیت کی۔ دونوں ممالک کے مابین کوآرڈینیشن کونسل کی سطح پر ملاقاتیں کی گئیں اور دونوںرہ نمائوں کی موجودگی میں مالی ، تجارتی ، معاشی ، ثقافتی اور ابلاغی شعبوں میں 5 معاہدوں پر دستخط ہوئے۔
سعودی قیادت اور عراقی وفد کے درمیان ہونے والی بات چیت میں دونوں ملکوں کے سرحدی معاملات اور بند سرحدی گذرگاہوں کو کھولنے پر بھی بات چیت کی گئی۔
مصطفیٰ الکاظمی نے ’ٹویٹر‘کے توسط سے کہا کہ اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات کو مستحکم کرنا اور خطے کے ممالک کے مابین باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔