غزہ:حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ ختم ہو گیا ہے۔ اسرائیل نے کہا ہے کہ لڑائی دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔شمالی غزہ میں دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں
جمعرات کو حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کا ساتواں دن تھا۔ اس کے بعد آج یہ ڈیل ختم ہو گئی۔ معاہدہ ختم ہونے سے کچھ دیر قبل اسرائیل نے کہا کہ اس نے غزہ سے فائر کیے گئے ایک راکٹ کو مار گرایا۔اسرائیلی فوج نے ایکس پر لکھا کہ حماس نے اسرائیل پر فائرنگ شروع کر دی ہے، یہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔
امید کی جا رہی تھی کہ جنگ بندی آگے بڑھ سکتی ہے۔ امریکہ، قطر اور مصر مسلسل ثالثی کر رہے تھے لیکن یہ معاہدہ آگے نہ بڑھ سکا۔
گزشتہ جمعے کو حماس اوراسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کا اعلان کیا گیا تھا۔ سات روز تک جاری رہنے والے اس معاہدے میں جمعرات تک حماس نے 110 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ میں جنگ بندی کا آغاز 24 نومبر سے ہوا تھا جس کے بعد اس میں 2 مرتبہ توسیع بھی کی گئی تھی۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں حملہ کیا ہے، اسرائیلی فوج نے خان یونس کے مشرقی علاقے پر بمباری کی ہے۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق غزہ پر اسرائیلی جاسوس طیاروں نے نچلی پروازیں بھی کی ہیں اور شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ میں گھر کو نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ مختلف علاقوں میں شدید جھڑپیں جاری ہیں۔
وزارتِ داخلہ غزہ کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے غزہ پر فضائی حملے شروع کردیے ہیں۔