نئی دہلی :
ملک اس وقت کورونا وائرس سے شدید جنگ لڑ رہا ہے۔ ملک کے ہر حصے میں اسپتالوں کے باہر لوگوں کی بھیڑہے۔ دہلی ہو یا لکھنؤ یا ممبئی ، ہر جگہ یکساں منظر ہے ، کہیں اسپتال میں بستر نہیں ہیں تو کسی اسپتال میں آکسیجن نہیں ہے۔ ان سب کے درمیان بھارت میں کورونا کی ہاہا کارکی چیخیں سرحد پار بھی سنائی دیں۔
اس درمیان پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان اور پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا اس معاملے پر بیان سامنےآیا ہے۔دونوں نے بھارت میں کورونا کی دوسری لہر پر ٹویٹ کیا ہے۔
عمران خان نے ٹویٹ کرکے لکھا ، ‘میں بھارت کے عوام سے اظہار تعزیت کرنا چاہتا ہوں کیونکہ وہ کورونا کی خطرناک لہر کا مقابلہ کررہے ہیں۔ ہم اپنے پڑوسیوں اور پوری دنیا کے لوگوں کے لئے دعا کرتے ہیں جو اس وبا سے دوچار ہیں ، کہ وہ جلد صحت یاب ہوں۔ ہمیں انسانیت کے ساتھ مل کر اس عالمی چیلنج سے لڑنا ہے۔
وہیں پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ٹویٹ کیا ، ‘ہم کورونا کی اس لہر میں ہندوستانی عوام کے ساتھ ہیں۔ پاکستانی عوام کی جانب سے ، ہم ہندوستان کے ان کنبوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں جو کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ قریشی نے یہ بھی لکھا ، ‘کورونا وبا ہمیں یہ یاد دلاتی ہے کہ انسانی مسائل کو سیاسی نظریات سے بالاتر رکھنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان اس وبا سے نمٹنے کے لئے سارک ممالک کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے ‘۔