رامپور ( ذیشان مراد علیگ )
آج شام کانگریس پارٹی کی قومی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی کے خصوصی نمائندے اور کالکی پیٹھ کے شنکر اچاریہ سوامی پرمود کرشنم رامپور پہنچنے اور سیتاپور جیل میں بند سماجوادی پارٹی کے قدآور لیڈر محمد اعظم خاں کی رہائش گاہ پر گئے۔ یہاں انہوں نے اعظم خاں کی اہلیہ سابق رکن راجیہ سبھا و سابق شہر رکن اسمبلی ڈاکٹر تزئین فاطمہ اور صاحبزادے رکن اسمبلی عبداللہ اعظم خاں سے ملاقات کی ۔
انہوں نے اعظم خاں کے اہل خانہ سے ملاقات کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی اور اعظم خاں کے تعلق سے تفصیلی گفتگو کی ۔ غور طلب رہے کہ گزشتہ تین روز قبل سوامی پرمود کرشنم نے سیتاپور جیل پہنچ کر اعظم خاں سے بھی ملاقات کی تھی ۔ جس کے بعد سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا ہوئی ہے اور اعظم خاں کے جیل سے باہر نکلنے کے بعد کسی بڑے فیصلے کی قیاس آرائیوں کو تقویت حاصل ہوئی ہے ۔