تمل ناڈو
ملک میں کورونا کیسز مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ اس درمیان مدراس ہائی کورٹ نے کورونا بحران کے لئے الیکشن کمیشن کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ عدالت نے الیکشن کمیشن سے کہا ہے کہ جب انتخابی ریلی ہو رہی تھی تو آپ کسی اور سیارے پر تھے؟ عدالت نے کہا ہے کہ کووڈ-19 کی دوسری لہر کے لئے آپ کا ادارہ ذمہ دار ہے۔ ہائی کورٹ نے متنبہ کیا ہے کہ اگر الیکشن کمیشن کووڈ 19 پروٹوکول پر عمل پیرا ہونے کو یقینی بنانے کے لئے مناسب منصوبہ بندی نہیں کرتا ہے تو 2 مئی کو ووٹوں کی گنتی بند کردی جائے گی۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہیلتھ سکریٹری کے ساتھ مل کر گنتی کے دن کے لئے لائحہ عمل مرتب کریں اور 30 اپریل تک عدالت کے سامنے پیش کریں۔ چیف جسٹس سنجیب بنرجی نے الیکشن کمیشن سے کہا کہ صحت عامہ کی بہت زیادہ اہمیت ہے اور یہ باعث تشویش ہے کہ ایسے حساس معاملے بھی آئینی حکام کو یاد دلانا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری حقوق کا مزہ وہ تب ہی لے سکتے ہیں جب وہ زندہ رہ سکیں گے۔چیف جسٹس نے کہا کہ اب صورتحال بقا زندگی اور سلامتی کی ہے، سب کچھ اس کے بعد آتا ہے۔
بتادیں کہ ملک میں حال ہی میں پانچ ریاستوں میں انتخابات ہوئے ہیں ، بنگال میں ابھی بھی ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔ تمل ناڈو میں بھی ایک ہی مرحلے میں انتخابات ہوئے ، اس دوران کئی انتخابی اجلاس وریلیاں ہوئیں، بہت سی جگہوں پر کووڈ 19 کی گائڈ لائن کی خلاف ورزیاں کی گئی تھیں۔
ملک کے بہت سے شہروں میں صورتحال بے قابو ہوگئی ہے۔ آکسیجن اور دوا کی کمی کی وجہ سے لوگ مر رہے ہیں۔ کیرالہ ، تمل ناڈو اور بنگال میں معاملات تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ روزانہ سیکڑوں لوگ مر رہے ہیں۔