نی دہلی (ایجنسی )بزرگ شہریوں کو ریل کرایوں میں چھوٹ دینے کی تیاری ہے۔ ایک پارلیمانی اسٹینڈنگ کمیٹی نے بزرگ شہریوں کو ٹرینوں کے AC-3 اور سلیپر کلاس کے کرایوں میں رعایت دینے پر غور کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ کمیٹی نے کہا کہ تقریباً ڈھائی سال قبل کووڈ کی وبا کے دوران بزرگ شہریوں کے مختلف زمروں میں ختم کی گئی رعایتوں پر دوبارہ نظرثانی کی جانی چاہئے۔ ریلوے کی پارلیمانی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین رادھا موہن سنگھ نے حال ہی میں پارلیمنٹ میں پیش کی گئی ایک رپورٹ میں اس کا ذکر کیا ہے۔ کمیٹی نے کہا کہ وبائی امراض اور کووڈ پروٹوکول کے پیش نظر ریلوے نے بزرگ شہریوں کو مختلف زمروں میں دی جانے والی رعایتوں کو روک دیا ہے۔ اس میں 58 سال سے زائد عمر کی خواتین کو 50 فیصد اور 60 سال سے زائد عمر کے مردوں کو 40 فیصد رعایت دی گئی۔