نئی دہلی :(ایجنسی)
دہلی کے ایک ہوٹل سے ایک بہت ہی عجیب معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہاں کے ایک ہوٹل نے ایک شخص کی بکنگ کرنے سے انکار کر دیا کیونکہ اس کا شناختی کارڈ جموں و کشمیر کا تھا۔ اس پورے واقعے کی ایک مبینہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
دہلی پولیس کے مطابق، ایک مبینہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک ہوٹل ایک ایسے شخص کو کمرہ بکنگ دینےسے انکار کر رہا ہے جس کے پاس آئی ڈی جموں وکشمیر کاہے ۔ ہوٹل نے اس کے پیچھے وجہ بتائی ہے کہ انہیں دہلی پولیس سے ایسا حکم ملا ہے۔
اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد پولیس نے وضاحت کی ہے کہ ان کی جانب سے ایسی کوئی ہدایات جاری نہیں کی گئی ہیں۔ اگر کسی نے جان بوجھ کر ایسا کیا ہے تو اسے سزا ملے گی۔
ہوٹل مالک نے دی یہ صفائی
جموں و کشمیر کی شناخت کی وجہ سے ہوٹل میں بکنگ کرنے سے انکار کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ہوٹل کے مالک راکیش کمار نے آگے آکر اپنا موقف پیش کیا ہے۔ راکیش کا کہنا ہے کہ ایسا کچھ بھی نہیں ہے جیسا دکھانے کی کوشش ہو رہی ہے، چیزوں کو غلط طریقے سے دکھانے کی کوشش ہو رہی ہے ۔ گیسٹ نے Oyoکے ذریعہ بکنگ کرائی تھی ایک روم چھوڑ کر تمام روم بک تھے، جو ایک روم خالی تھا اس کا اے سی ٹھیک سے کام نہیں کررہا تھا ۔
راکیش کا کہنا ہے کہ یہ بات جان کر گیسٹ نے وہ کمرہ لینے سے انکار کر دیا اور انچارج کے خلاف بدزبانی شروع کر دی۔ ایسا کچھ نہیں ہے کہ ہم جموں و کشمیر کے لوگوں کو روم نہیں دیتے، ہمارا تو کاروبار ہی ان سے چلتا ہے۔