غزہ :
اسرائیل کے جنگی طیاروں نے منگل کو ایک مرتبہ پھر غزہ میں حملے کیے ہیں جن میں کم از کم دو افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں اور فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق اب تک اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 24 تک پہنچ گئی ہے جن میں نو بچے بھی شامل ہیں۔
غزہ پر اسرائیلی حملوں کا سلسلہ پیر کو حماس کی جانب سے اسرائیلی علاقوں پر راکٹ داغے جانے کے بعد شروع ہوا تھا۔ ان راکٹ حملوں میں اب تک چھ اسرائیلی شہریوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
عسکریت پسند تنظیم حماس کی جانب یہ کارروائی بیت المقدس میں اسرائیلی پولیس سے جھڑپوں میں پیر کے روز تک 700 سے زیادہ فلسطینیوں کے زخمی ہونے کے بعد کی گئی تھی۔
فریقین کی جانب سے حملوں کا سلسلہ پیر کی شب بھی رُک نہ پایا اور منگل کی صبح بھی اس علاقے میں اسرائیل کے فضائی حملوں اور حماس کی جانب سے داغے گئے راکٹوں کی آوازیں سنائی دیتی رہی ہیں۔
منگل کو اسرائیلی طیاروں نے غزہ میں رمل کے علاقے میں واقع ایک مکان کو نشانہ بنایا اور اس حملے میں دو افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ معان نیوز ایجنسی کے مطابق ہلاک شدگان میں عسکریت پسند تنظیم اسلامک جہاد کے دو کمانڈر شامل ہیں جبکہ ایک اور کمانڈر سمیت چھ افراد اس حملے میں زخمی ہوئے ہیں۔