نئی دہلی: (ایجنسی)
وزیر اعظم نریندر مودی نے گجرات کے کچھ میں واقع گرودوارہ لکھپت صاحب میں گرو نانک دیو جی کے گروپورب کی تقریب کو ورچوئل خطاب کیا۔انہوں نے 2001 میں آئے زلزلے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مجھے گرو کرپا سے اس مقدس مقام کی خدمت کا شرف حاصل ہوا تھا۔ گجرات کے سکھ سنگت ہر سال 23 دسمبر سے 25 دسمبر تک گرودوارہ لکھپت صاحب میں گرو نانک دیو جی کا جشن مناتے ہیں۔
کرتارپور کوریڈور کے بارے میں پی ایم مودی نے کہا، ‘’ دہائیوں سے جس کرتار پور صاحب کوریڈور کاانتظار تھا 2019میں ہماری سرکار نے ہی اس کی تعمیر کا کام پورا کیا۔ انہوںنے کہاکہ ابھی حال ہی میں ہم افغانستان سے قابل احترام گرو گرنتھ صاحب کے فارم کو بھارت لانے میں کامیاب رہے ہیں ۔ پی ایم نے پوچھا، گرو کرپا کا اس سے بڑا تجربہ کسی کے لیے اورکیا ہو سکتا ہے ؟
پی ایم مودی نے دہشت گردی پر بھی نشانہ سادھا۔ انہوں نے کہا:’ اورنگزیب کےخلاف گرو تیغ بہادر کی شجاعت اور ان کی قربانی ہمیں سکھاتا ہے کہ دہشت گردی اورمذہبی جنونیت سے ملک کیسے لڑتا ہے۔ اسی طرح، دسویں گرو، گرو گووند سنگھ صاحب کی زندگی بھی قد م قدم پر استقامت اور قربانی کی زندہ مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی دور حکومت میں بھی ہمارے سکھ بھائی بہنوں نے جس بہادری سے ملک کی آزادی کے لئے جدوجہد کیا، جلیانوالہ باغ کی سرزمین آج بھی ان قربانیوں کی گواہ ہے۔
پی ایم مودی نے کورونا وائرس کی وبا کے دوران گرودواروں کے ذریعہ کئے گئے کام کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا، ‘کورونا کے مشکل وقت میں جس طرح ہمارے گرودواروں نے خدمت کی ذمہ داری اٹھائی، یہ گرو صاحب کی مہربانی اور ان کے نظریات کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا، ‘ہمارے گرووں کا تعاون صرف سماج اور روحانیت تک محدود نہیں ہے۔ بلکہ اگر آج ہمارا راشٹر، قوم کی فکر، قوم کا ایمان اور سالمیت محفوظ ہے تو اس کے مرکز میں سکھ گرووں کی عظیم تپسیا ہے۔