اگرتلہ : (ایجنسی)
تریپورہ میں فرقہ وارانہ تشدد کے حوالے سے صحافیوں، سماجی کارکنوں کی طرف سے بہت سے ٹویٹس کیے گئے تھے۔ تریپورہ پولیس نے دو ہفتے قبل ٹوئٹر سے ایسے 68 ہینڈلز کو بلاک کرنے اور ان کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کو کہا تھا۔
ٹوئٹر نے اب ایسے 24 ہینڈلز اور 57 ٹویٹس کو ہٹا دیا ہے۔ تریپورہ پولیس نے تشدد کے بارے میں ٹویٹ کرنے والے تقریباً 70 لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے یو اے پی اے جیسا سخت قانون لگادیاتھا۔ سپریم کورٹ جلد ہی اس معاملے کی سماعت کرنے جا رہی ہے۔
’دی انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق، ہٹائے گئے ہینڈلز میں سے 12 ایسے تھے جن کے 10,000 سے زیادہ فالوورز تھے۔ ہٹائے گئے ان ہینڈلز میں سے زیادہ تر وہ تھے جنہوں نے بی جے پی، اس کے لیڈروں اور اس کے نظریہ پر تنقید کی۔ ان ہینڈلز کو چلانے والوں میں سے کچھ نے خود کو صحافی بتایا تھا جب کہ کچھ نے خود کو اپوزیشن پارٹیوں – کانگریس، ٹی ایم سی وغیرہ سے جوڑ ا بتایا تھا۔ اس معاملے میں چار وکلاء کو نوٹس بھی جاری کیے گئے ہیں۔