نئی دہلی :دفعہ 370 کی منسوخی کے مرکزی حکومت کے فیصلہ پر مہر تصدیق ثبت کرتے ہو ہسپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو ہدایت دی کہ وہ 30ستمبر 2024 تک جموں کشمیر میں الیکشن کرائے وہیں چیف جسٹس آف انڈیا نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ آرٹیکل 370 ایک عارضی انتظام تھا۔ جموں کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ انگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کی ریاست کی حیثیت بحال ہوگی ۔سپریم کورٹ کی پانچ ججوں کی آئینی بنچ نے آرٹیکل 370 کی منسوخی کو چیلنج کرنے والی درخواستوں پر اپنا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ صدر جمہوریہ کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ آرٹیکل 370 کو منسوخ کر سکتے ہیں اس لئے ان کا ایسا کرنا درست تھا۔
جموں و کشمیر سے آرٹیکل 370 کی منسوخی کی قانونی حیثیت کو چیلنج کرنے والی عرضیوں پر آج سپریم کورٹ اپنا فیصلہ سنا رہی ہے۔ ڈی وائی چندرچوڑ نے کہا کہ ججوں نے اس معاملے میں تین فیصلے لکھے ہیں۔ 5 اگست 2019 کو پارلیمنٹ نے جموں و کشمیر سے آرٹیکل 370 کے اثر کو ختم کر دیا اور ریاست کو دو حصوں جموں و کشمیر اور لداخ میں تقسیم کر کے دونوں کو مرکز کے زیر انتظام علاقہ بنا دیا۔ مرکز کے ان فیصلوں کو چیلنج کیا گیا ہے۔
سی جے آئی نے کہا، جموں و کشمیر کے آئین میں خودمختاری کا کوئی ذکر نہیں ہے۔ جب ہندوستانی آئین وجود میں آیا تو جموں و کشمیر پر آرٹیکل 370 نافذ ہوا۔سی جے آئی نے کہا کہ آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے کا نوٹیفکیشن دینے کا صدر کا اختیار جموں و کشمیر کی آئین ساز اسمبلی کی تحلیل کے بعد بھی برقرار ہے۔